کل ہونے والے اجلاس میں ججز کے خلاف درج شکایات کا جائزہ لیا جائے گا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس کل 13 دسمبر بروز جمعہ کو طلب کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس کل دوپہر 2 بجے ہوگا، اجلاس میں ججز کے خلاف درج شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری طرف سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن کا 14 دسمبر کو ہونے والا اجلاس مؤخر کر دیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں لاہور اور بلوچستان ہائیکورٹس کیلئے ایڈیشنل ججز کے ناموں پر غور ہونا تھا، تاہم اب لاہور اور بلوچستان ہائیکورٹس کیلئے ججز کی نامزدگی کا عمل 21 دسمبر تک مؤخر کردیا گیا ہے، اس سے پہلے جوڈیشل کمیشن نے 6 دسمبر کو پشاور اور سندھ ہائیکورٹس کیلئے نامزدگیوں کا عمل بھی 21 دسمبر تک مؤخر کر دیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کے گزشتہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں جسٹس شاہد بلال حسن اور سندھ ہائیکورٹ میں 2 ججوں کی کثرت رائے سے منظوری دی گئی، جسٹس منیب اختر نے جسٹس شاہد بلال حسن کی سپریم کورٹ کے لیے آئینی بینچ میں شمولیت پر مخالفت یا حمایت کے بجائے خاموشی اختیار کیے رکھی، اجلاس میں جسٹس عدنان کریم اور جسٹس آغا فیصل سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچ کے ججز نامزد کیے گئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں 26 ویں ترمیم کو فل کورٹ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کرنے کا تذکرہ ہوا تو جسٹس منصور علی نے 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں پر سماعت فل کورٹ کے ذریعے کرنے پر بات کی، تاہم چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس منصور علی شاہ کی فل کورٹ کی بات کی مخالفت کی، چیف جسٹس کی رائے کو جوڈیشل کمیشن کے اکثریتی ممبران نے سپورٹ کیا۔