چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست پر سماعت کی ، آج کل مقدمات درج کرنے کا موسم ہے کوئی علم نہیں کس کیس میں مقدمہ درج کیا گیا، رہنماء پی ٹی آئی کا چیف جسٹس سے استفسار
پشاور( نیوز ڈیسک ) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی 3 ہفتوں کیلئے راہداری ضمانت منظور کرلی، پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست پر سماعت کی، سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت سلمان اکرم راجہ نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سے استفسار کیا کہ آج کل مقدمات درج کرنے کا موسم ہے۔
کوئی علم نہیں کس کیس میں مقدمہ درج کیا گیا۔چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے استفسار کیا کہ کیا آپ رکن قومی اسمبلی بھی ہیں جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق تو رکن قومی اسمبلی ہوں۔ بعدازاں پشاور ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کی 3 ہفتوں تک راہداری ضمانت کی درخواست منظور کر لی ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزپشاو ر ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد قیصر کی راہداری ضمانت منظور کی تھی۔
عدالت نے پولیس کوگرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دیدیا تھا۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے رہنما پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی تھی۔پی ٹی آئی رہنماءاسد قیصر اور ایڈووکیٹ جنرل بھی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔عدالت نے سماعت کے بعد اسد قیصر کو 31 دسمبر تک راہداری ضمانت دی تھی اور انہیں 31 دسمبر تک درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ اسد قیصر کے خلاف 3 مختلف مقدمات درج تھے۔اس سے قبل پشاور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعمر ایوب کی راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو کسی بھی مقدمے میں گرفتارکرنے سے روک دیاتھا۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے عمر ایوب کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تھی ۔
عدالت نے 9 جنوری تک عمر ایوب کی راہداری ضمانت منظور کی تھی ۔عدالت نے ہدایت کی تھی کہ درخواست گزار متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو جائے۔ دوران سماعت عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ درخواست گزار کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔ رہنماء پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے عدالتی احکامات کے باوجود گرفتار کرنے پر پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائرکی تھی ۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعمر ایوب نے عدالتی عدالتی احکامات کے باوجود گرفتار کرنے پر پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔