اسلام آباد : ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے بیرسٹر گوہر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 9مئی کی ذمہ دار پوری پی ٹی آئی قیادت ہے، آج دھول بٹھانے کی باتیں کر رہے ہیں۔ اسلام آباد سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انتشار گولی چلنے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے، گولی چلی ہے تو ثبوت سامنے کیوں نہیں لاتے؟ دوڑ کیوں لگائی؟ ،موقع سے بھاگنے والے بہانے بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو دھول اڑانے والے آج دھول بٹھانے کی باتیں کر رہے ہیں، غلیلوں، بنٹوں، پتھروں، آتشیں اسلحہ سے لیس شرپسندوں نے 26 نومبر کو بھی وفاق پر چڑھائی کی۔ عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو شہید اور زخمی کیا گیا، اس نقصان کا مداوا کون کرے گا؟ شہید جوانوں کا خون کس کے ہاتھوں پر تلاش کریں، تحریک انصاف کے پاس کارکنوں کی ہلاکت کا کوئی ایک ثبوت ہے تو سامنے لائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پرتشدد سیاست اور پرتشدد احتجاج پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، اپنے اوپر اٹھنے والے سوالات کا جواب دیں، الزامات لگا کر ان سے منہ مت پھیریں، سانحہ 9 مئی کے تمام ثبوت موجود ہیں، تحریک انصاف کی پوری قیادت سانحہ 9 مئی میں ملوث ہے۔