اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کی درخواست پر سابقہ خاتون اول کو نوٹس بھی جاری کر رکھا ہے
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخ کرنے کی ایف آئی اے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارے کی درخواست 12 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے، عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست پر بشریٰ بی بی کو نوٹس بھی جاری کر رکھا ہے۔
دوسری طرف احتساب عدالت نے 190 ملین پاونڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے عمل درآمد کے لیے نوٹس دوبارہ جاری کر دیا، جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کو عدالت پیش کیا گیا لیکن بشریٰ بی بی عدالت پیش نہ ہوئیں۔
بتایا گیا کہ ملزمان کی جانب سے 342 کے سوالناموں پر جواب داخل نہ کروائے گئے، جس پر عدالت نے بشریٰ بی بی کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا اور سماعت بغیر کارروائی پیر 9 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی، عدالت کے باہر گفتگو میں ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے کہا کہ چیف جسٹس آئین قانون کے ساتھ جاری کھلواڑ کا نوٹس لیں اور ڈی چوک فائرنگ پر فوری نوٹس لیا جائے، چیف جسٹس عدلیہ کے احکامات کی بے توقیری کرنے کا نوٹس لیں۔