سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخواہ میں مختلف آپریشنز، 22 خوارج ہلاک، 6 زخمی کردیئے گئے

فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، علاقے میں دہشتگردوں کیخلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر

راولپنڈی ( نیوزڈیسک ) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ میں مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران 22 خوارج دہشتگرد جہنم واصل کردیئے، جبکہ چھ دہشتگردوں کو زخمی کردیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران 22 خوارج دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 6 دہشتگردوں کو زخمی بھی کردیا گیا۔
آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوانوں نے جام شہادت بھی نوش کیا۔ سکیورٹی فورسز نے ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن میں 9 خوارج دہشتگرد مارے گئے۔ اسی طرح سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں بھی خوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، کامیاب آپریشن میں 10 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ فورسز نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے تھل میں چیک پوسٹ پر خارجیوں کا حملہ ناکام بنایا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشتگردوں کیخلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔