پنجاب حکومت کا کاروبار کارڈ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ

چھوٹے کاروبار کے فروغ کیلئے ایک سے 10 لاکھ روپے تک قرضہ دیا جائے گا

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پنجاب حکومت نے صوبے میں کاروبار کارڈ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں میڈیم کاروبار کے لیے چیف منسٹر آسان کاروبار فنانسنگ سکیم پر اتفاق کیا گیا، جس کے تحت وزیراعلیٰ نے پنجاب میں چھوٹے کاروبار کے فروغ کیلئے کاروبار کارڈ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا، بزنس کارڈ سکیم کے تحت ایک سے 10 لاکھ روپے تک قرضہ دیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں بڑے شہروں میں سمال اور میڈیم انڈسٹری کے لئے الگ زون مختص کرنے پر اتفاق ہوا، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے سمال اور میڈیم لون بلاسود قرضے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، چیف منسٹر آسان کاروبار فنانسنگ سکیم کے تحت تین کروڑ تک قرضے دینے کی تجویز دی گئی ہے، وزیر اعلیٰ نے سمال اور میڈیم لون سکیم کے لئے جامع پلان طلب کرلیا۔
معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں منتخب تجارتی سیکٹرز پر ترجیحی بنیادوں پر قرضے دینے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، اس سکیم میں قرض کی پہلی قسط ملنے کے بعد 3 ماہ کا گریس پریڈ بھی دیا جائے گا، سکیم کے تحت 5 سال تک قرض ادا کرنا ہوگا، کاروبار کارڈ ریسٹورنٹ سمیت 10ایریاز میں ادائیگی کے لیے استعمال نہیں ہوسکے گا، نوازشریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی اسٹارٹ اپ کے لئے ترجیحاً لون مل سکے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے ایک لاکھ صارفین کیلئے فری سولر پینل سکیم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، پنجاب کے صارفین ایس ایم ایس یا آن لائن پورٹل پر گھر بیٹھے مفت سولر پینل کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں، سکیم کے تحت ماہانہ دو سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر سسٹم مفت فراہم کیے جائیں گے۔ صوبائی سیکرٹری انرجی نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ سولر سسٹم لگائے جائیں گے، صوبہ بھر میں ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر سسٹم مفت دیا جائے گا، 100یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے 52 ہزار 19 صارفین کو 550 واٹ کا مفت سولر سسٹم دیا جائے گا، 200 یونٹ تک ماہانہ بجلی صرف کرنے والے صارفین کو 1100 واٹ کا سولر سسٹم مفت ملے گا۔
معلوم ہوا ہے کہ پنجاب کے صارفین فری سو لر پینل سکیم کیلئے 8800 پرایس ایم ایس بھیج کر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، صارفین کے ماہانہ بل پر درج ریفرنس نمبر اور سی این آئی سی نمبر سے ویری فکیشن کی جائے گی، اس کے علاوہ سی ایم فری سولر پینل سکیم کی رجسٹریشن کیلئے پورٹل “cmsolarscheme.punjab.gov.pk” پر آن لائن بھی اپلائی کیا جا سکتا ہے یہاں بھی صارفین کے ماہانہ بل پر درج ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ نمبر سے ویری فکیشن کی جائے گی، سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم میں شفافیت کیلئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی جائے گی۔