سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخواہ میں 2 مختلف آپریشنز ،8 خوارج ہلاک کردیئے

آپریشن کے دوران2 خوارج کو گرفتار بھی کرلیا گیا، علاقے میں دہشتگردوں کیخلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) سکیورٹی فورسز کا خیبرپختونخواہ 2 مختلف آپریشنز میں 8 خوارج دہشتگرد جہنم واصل کردیئے ،آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشتگردوں کیخلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ میں 2 مختلف آپریشنز میں 8 خوارج دہشتگرد جہنم واصل کردیئے ۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن میں خوارج دہشتگرد وں کا سرغنہ خان محمد عرف خورے سمیت 2 خوارج مارے گئے۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی کاروائی میں 2 خوارج کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ ہلاک دہشتگرد خان محمد عرف خورے ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد کاروائیوں میں ملوث تھا۔
ہلاک دہشتگرد خان محمد عرف خورے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

حکومت نے ہلاک دہشتگرد خان محمد عرف خورے کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی۔ اسی طرح سکیورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت میں بھی خوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن میں 6 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشتگردوں کیخلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔