عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت کا بائیکاٹ کردیا

بانی چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد سماعت بغیر کارروائی کل 6 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت کا بائیکاٹ کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی آج کی سماعت کا بائیکاٹ کر دیا، عمران خان نے کہا کہ ’میڈیا موجود نہیں اس لیے سماعت کا بائیکاٹ کرتا ہوں، کمرہ بھی چھوٹا ہے باقی لوگ بھی یہاں موجود نہیں‘، بانی چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد سماعت بغیر کارروائی کل 6 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ احتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی ہونے کے باعث عمران خان اور ان کی اہلیہ کے 342 کے بیانات ریکارڈ نہ ہوسکے تاہم عدالت نے بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری کو بھی برقرار رکھا کیوں کہ بشری بی بی آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئیں جس پر جج نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے۔
گزشتہ سماعت کے دوران سینئر وکیل نے آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی کو بہر صورت پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ ’بشریٰ بی بی کو اگلی سماعت پر ہر صورت پیش کریں گے، عدالت صرف 3 تاریخوں کا موقع دے، 3 تاریخوں میں ملزمان کے 342 کے بیان بھی جمع کرائیں گے‘، نیب وکلاء نےیقین دہانی کی مخالفت نہیں کی۔

بتایا جارہا ہے کہ عدالت میں بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنی کی درخواست بھی دائر کردی گئی، جس پر نیب کے وکلا نے اعتراضات اٹھائے، نیب نے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کی رپوٹ بھی عدالت میں پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ نیب نے کوشش کی لیکن بشریٰ بی بی اپنے پتہ پر موجود نہیں تھیں۔