عمران خان نے منہ پر کپڑا ڈال کر جی ایچ کیو لے جانے کی بھی کوئی بات نہیں کی، وہ اڈیالہ میں ہی رہے، مطالبہ ہے کہ 24 نومبر کو جو کچھ ہوا، اس کی جوڈیشل کمیشن انکوائری ہونی چاہئے۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ عمران خان پر اسپرے یا زہر دینے کی بات غلط اور من گھڑت ہے، عمران خان نے منہ پر کپڑا ڈال کر جی ایچ کیو لے جانے کی کوئی بات نہیں کی، وہ اڈیالہ میں ہی رہے، مطالبہ ہے کہ 24نومبر کو جو کچھ ہوا، اس کی جوڈیشل کمیشن انکوائری ہونی چاہئے۔
انہوں نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے جیل میں ملاقات ہوئی وہ صحت مند تھے ٹھیک تھے، ورزش بھی کررہے ہیں۔ لیکن وہ پی ٹی آئی احتجاج پر گولی چلائی گئی اس پر افسردہ تھے، ریاست نے احتجاج کرنے والے نہتے لوگوں پر گولی چلائی، احتجاج کرنا ان کا حق ہے ۔اس وقت ہمارے پاس 12 جاں بحق افراد کے کوائف موجود ہیں ،ہم سمجھتے ہیں کہ 10جاں بحق افراد کے مزید کوائف مل جائیں گے۔
اس کے علاوہ سینکڑوں لوگ لاپتا ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ 800 لوگ گرفتار کئے، لیکن 150 لوگ عدالت میں پیش کئے باقی لوگ کہاں ہیں؟ کیا ان کو اغواء کیا گیا ہے؟عمران خان پر اسپرے یا زہر دینے کی بات غلط ہے، ایسا کچھ نہیں ہے۔ یہ من گھڑت بات ہے، خدشہ اور وسوسہ تو رہتا ہے۔ عمران خان نے منہ پر کپڑا ڈال کر جی ایچ کیو لے جانے کی کوئی بات نہیں کی، وہ اڈیالہ میں ہی رہے۔
ہمارے پاس گولی چلانے والوں کے ثبوت نہیں ، گولی پولیس نے چلائی یا رینجرز نے ہمارے پاس ثبوت نہیں۔جوڈیشل کمیشن انکوائری ہونی چاہئے۔ عمران خان نے سنگجانی دھرنا دینے پر رضا مندی ظاہرکی تھی ، آج بھی اس کی تصدیق کی ،لیکن عمران خان کہتے کہ وہ پارٹی کی اندرونی باتیں تھیں وہ پیچھے رہ گئیں اب مسئلہ یہ ہے کہ گولی کیوں چلائی گئی؟پی ٹی اآئی کی اس وقت حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات نہیں ہورہی۔