بانی چیئرمین نے قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس میں شرکت کرکے معاملہ پارلیمان میں اٹھانے کی ہدایت کی ہے، عمران خان نے کہا ہے اسمبلیوں میں بھرپور احتجاج کریں آواز بلند کریں؛ بیرسٹرگوہر کی میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کروانے کی ہدایت دے دی۔ راولپنڈی اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے تحریک انصاف کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کروانے کی ہدایت دی ہے، بانی چیئرمین نے قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس میں شرکت کر کے معاملہ پارلیمان میں اٹھانے کی ہدایت کی ہے، عمران خان نے کہا ہے اسمبلیوں میں بھرپور احتجاج کریں آواز بلند کریں، انہوں نے قوم کو شہداء کے لیے قرآن خوانی کرنے اور زخمیوں کی عیادت کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق اور یہ کہ وہ اڈیالہ جیل میں نہیں تھے جو بھی خبریں چلائی جا رہی تھیں وہ غلط ہیں، سابق وزیراعظم صحت مند ہیں، ہم نے آن ریکارڈ کہا جو سینکڑوں شہادتوں کا لوگ کہہ رہے ہیں اُس کو ہم نے جھٹلایا ہے، ہم نے 12 شہادتوں کا فگر دیا غیر ذمہ دارانہ بیان نہیں دیتے، عمران خان کا پیغام ہے پارٹی میں اتحاد رکھو، کسی آواز کے پیچھے نہ لگو، آپ کی یہی آواز ہے کہ “گولی کیوں چلائی گئی”؟ پنجاب سمیت سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عمران خان تمام قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں انہوں نے کہا متحد رہو، عمران خان کے پاس ٹی وی اور اخبار کی سہولت نہیں تھی، ہم نے آگاہ کیا تو انہوں نے پی ٹی آئی کارکن، رینجرز اور پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ اُن کیلئے فاتحہ خوانی کریں، عمران خان نے کہا گولی چلانے کا حق نہیں، ان کا ایک ہی پیغام ہے کہ چاہے ہم سنگجانی تھے یا ڈی چوک تھے، کسی بھی جگہ احتجاج وہاں ہوتا ہے جہاں سے اس کا اثر ہوتا ہے، گولی جس نے بھی چلائی اُس کی مذمت ہے، ہم آواز اُٹھاتے رہیں گے اور اگلے لائحہ عمل کا اعلان عمران خان بعد میں کریں گے۔