190ملین پاﺅنڈ کیس، بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار،آئندہ پیشی پر حاضری کیلئے وکیل کی انڈر ٹیکنگ عدالت میں جمع

نیب وکلا ء نے یقین دہانی اور انڈرٹیکنگ کی مخالفت نہیں کی ،عدالت میں بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کردی گئی

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں عدالت نے بشری بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار رکھتے ہوئے ضمانتی کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے جبکہ عدالت میں وکیل نے آئندہ پیشی پر بشریٰ بی بی کی حاضری کیلئے انڈرٹیکنگ عدالت میں جمع کروادی،راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کی، اس موقع پر عمران خان کو عدالت پیش کیا گیا تاہم بشریٰ بی بی عدالت پیش نہ ہوئیں۔
دوران سماعت وکیل صفائی سلمان صفدر نے عدالت میں فیصلہ کن انڈر ٹیکنگ جمع کروائی اور عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ بشریٰ بی بی آئندہ سماعت پر ہر صورت عدالت میں پیش ہوں گی۔عدالت صرف 3 تاریخوں کا موقع دے۔
3 تاریخوں میں ملزمان کے 342 کے بیان بھی جمع کرائیں گے۔ نیب وکلا ءنے یقین دہانی کی مخالفت نہیں کی۔نیب وکلاءنے انڈرٹیکنگ کی مخالفت نہیں کی ۔

عدالت میں بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کردی گئی، جس پر نیب کے وکلا نے اعتراضات اٹھادئیے۔دوران سماعتوکیل سلمان صفدر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے پلیڈر بھی جیل کے باہر موجود ہیں جس پر پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا کہ بشریٰ بی بی عدالت آکر ہی اپنا پلیڈر مقرر کر سکتی ہیں۔پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کہا کہ پراسیکیوشن بھی کوئی جلد بازی نہیں چاہتی تاہم عدالت کو اس بات کو بھی دیکھنا ہے کہ اس کیس کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔
وکلا صفائی کو 342 کے بیان کیلئے 8 مواقع مل چکے ہیں اور اس سے قبل کیس کے تفتیشی افسر پر جرح کیلئے وکلا صفائی کو 38 مواقع فراہم کئے گئے تھے۔نیب نے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کی رپوٹ بھی عدالت میں پیش کردی ۔عدالت کو بتایا گیا کہ نیب نے کوشش کی لیکن بشریٰ بی بی اپنے پتہ پر موجود نہیں تھیں۔بعدازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے ان کے ضامن کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا جبکہ کیس کی مزید سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔