عمران خان سے پسِ پردہ معاملات چل رہے ہیں‘ بریک تھرو ناممکن نہیں، حافظ حمد اللہ

ایک مجلس میں مجھے بتایا گیا بانی پی ٹی آئی الیکشن کی بات کرتے ہیں تو وہ کیسے کرا دیں؟ سابق وزیراعظم کہتے ہیں 9 مئی انہوں نے کیا ہی نہیں تو معافی کیسی؛ رہنماء جے یو آئی ف کی گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پسِ پردہ معاملات چل رہے ہیں۔ نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مجلس میں مجھے بتایا گیا عمران خان تو الیکشن کی بات کرتے ہیں تو وہ کیسے کرا دیں، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ معاملہ 9 مئی پر بھی اٹکا ہوا ہے، عمران خان کہتے ہیں 9 مئی انہوں نے کیا ہی نہیں تو معافی کیسی، بانی پی ٹی آئی ملک سے باہر جانے کے لیے بھی تیار نہیں ہو رہے تاہم یہ ناممکن نہیں کہ عمران خان سے کوئی بریک تھرو ہو جائے۔
جے یو آئی ف کے رہنماء نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کسی صورت بھی فوجی عدالتوں کے حق میں نہیں ہے، کچھ تو تھا سب مولانا کے پاس جاتے تھے، پکوڑے یا حلوہ لینے تو نہیں جاتے تھے، تاہم نواز شریف اور پیپلزپارٹی نے الیکشن میں وہی کچھ کیا جو نہ کرنے کا کہتے تھے، نہ یہ حکومت ہے اور نہ ہی میں ان کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتا ہوں، حکومت نے مدت پوری کی تو یہ ملک کیلئے تباہی کا سامان ہوگا۔
علاوہ ازیں سابق سینیٹر و جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما حافظ حمد اللہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے حکمت عملی بنائی جائے کیوں کہ ملک میں موجودہ نظام معیشت نظام سیاست اور امور عامہ کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اگر اس کو اپنایا جائے تو پاکستان کو تمام معاشی سیاسی اور انتظامی مسائل سے نکالا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مدارس دین اسلام کی اشاعت کا اہم ترین فریضہ سر انجام دے رہے ہیں ان کی مضبوطی سے اسلام مضبوط ہوگا اور لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب لائے گا، نوجوان نسل کو ماڈرن ازم کی خرابیوں سے بچانے کیلئے ان کا مدارس کے ساتھ تعلق جوڑنا ہوگا، اسلام کے استحکام کیلئے علما کرام کا متحد ہونا ناگزیر ہو چکا ہے، اگر علما کرام متحد ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت اسلام کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔