جعلی اور ظالم حکومت نے 18 اور 20 سال عمر کے نوجوانوں کے سروں میں گولیاں اتاریں، ایسا ظلم کیا گیا ہے جب تاریخ لکھی جائے گی تو قلم بھی کانپ جائے گا۔ مشیراطلاعات خیبرپختونخواہ کا بیان
پشاور ( نیوز ڈیسک ) خیبرپختونخواہ کے مشیر اطلاعات بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کے بعد سانحہ ڈی چوک بھی جعلی حکومت کے ماتھے کا جھومر بن گیا۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جعلی اور ظالم حکومت نے ظلم اور بربریت کی ایک اور داستان رقم کی، ایسا ظلم کیا گیا ہے جب تاریخ لکھی جائے گی تو قلم بھی کانپ جائے گا، ظلم ہمیشہ خوفزدہ لوگ کرتے ہیں، نہتے کارکنوں پر گولیاں برسانا خوفزدہ ہونے کا ثبوت ہے، ماڈل ٹاؤن کے بعد سانحہ ڈی چوک بھی جعلی حکومت کے ماتھے کا جھومر بن گیا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ جعلی حکومت ظلم کرکے ہار گئی اور پی ٹی آئی ظلم برداشت کرکے جیت گئی، جعلی اور ظالم حکومت نے 18 اور 20 سال عمر کے نوجوانوں کے سروں میں گولیاں اتاریں، جعلی حکومت ماتم کی بجائے جشن منا رہی ہے لیکن ظلم اور بربریت کے ذریعے عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا ہے، عطا تارڑ نے قتل گاہ میں پریس کانفرنس کرکے اپنے آپ کو وقت کا ابن زیاد ثابت کر دیا، ظلم اور جبر کے بعد عطا تارڑ کی پریس کانفرنس یزیدیت کی نئی مثال ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف کیے جانے والا گرینڈ آپریشن مکمل ہوچکا ہے، ذرائع نے بتایا کہ آپریشن میں ڈیڑھ ہزار کے قریب پنجاب اور اسلام آباد پولیس اہلکار اور رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا، آپریشن میں پی ٹی آئی کے 450 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا گیا اور بلیو ایریا کو مظاہرین سے مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا، اس دوران بلیو ایریا میں آنسو گیس کی شدید شیلنگ اور فائرنگ بھی کی گئی، جس کے باعث زخمیوں اور ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلیوایریا اسلام اباد کا دورہ کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں سے ملاقاتیں کیں، انہوں نے اسلام آباد میں نقصانات کا بھی جائزہ لیا، محسن نقوی نے اسلام آباد کے علاقے کلیئر کرانے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز، پولیس، ایف سی اور پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شرانگیزی کی سازش بری طرح سے ناکام ہوئی، سی ڈی اے کو صفائی کے لیے ہدایات دے دی ہیں۔