مینڈیٹ چور فسطائیوں کی ایماء پر سرکاری مشینری کی گولیوں سے درجنوں نہتے بے گناہ کارکنوں کو سیدھی گولیاں مار کر شہید کیا گیا جن میں سے 8 کے کوائف اب تک ہمارے پاس آ چکے ہیں۔ پارٹی ترجمان کی پریس ریلیز
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے احتجاج کے دوران جاں بحق کارکنوں کے نام جاری کردیئے۔ پارٹی ترجمان کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مینڈیٹ چور فسطائیوں کی ایماء پر سرکاری مشینری کی گولیوں سے درجنوں نہتے بے گناہ کارکنوں کو سیدھی گولیاں مار کر شہید کیا گیا جن میں سے 8 کے کوائف اب تک ہمارے پاس آ چکے ہیں، شہید ہونے والوں میں انیس شہزاد ستی، ملک مبین اورنگزیب، عبدالقادر، ملک صفدر علی، احمد ولی، محمد الیاس اور عبدالرشید شامل ہیں۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر گولیوں کی بارش کی گئی اور سینکڑوں نہتّے پاکستانیوں کو زخمی کرکے خون میں نہلایا گیا، حکومتی بربریت اور دارالحکومت کو نہتے شہریوں کا مقتل بنانے کے حکومتی منصوبے کے پیشِ نظر پرامن احتجاج کی فی الوقت منسوخی کا اعلان کرتے ہیں، حکومتی بربریت کی تفصیلات کے سیاسی اور کورکمیٹیز میں تجزیے کے بعد بانی چیئرمین عمران خان کے سامنے رکھنے اور ان کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کے لائحۂ عمل کے اجراء کا اعلان کیا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کوئی عسکری یا مسلّح جماعت ہے نہ ہی اپنے عوام کو ریاستی قاتلوں کے ہاتھوں ذبح کروانے کی خود کو متحمّل سمجھتی ہے، پرامن احتجاج کیلئے تمام تر صعوبتیں، رکاوٹیں، تشدد، وحشیانہ بربریت برداشت کرکے ہمارے کارکن ڈی چوک پہنچے مگر اپنے شہریوں کی لاشوں کے انبار لگانے کی اجازت نہیں دے سکتے، چوبیس کروڑ پاکستانیوں کو بھیڑ بکریاں سمجھنے والے درندوں کیلئے شہریوں کا قتل تفریح کا وسیلہ ہوسکتا ہے مگر تحریک انصاف پاکستان کے عوام، اس کے وسائل اور اس کے قومی مفاد کی نگہبان ہے۔
پارٹی ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف پرامن سیاسی جدوجہد کی طویل تاریخ رکھتی ہے، 24 نومبر سے آج تک لاشیں گرانے کے حکومتی منصوبے کی راہ روکتی رہی ہے، اس سے پہلے 26 مئی 2022ء، 3 نومبر 2022ء، 26 نومبر 2022ء، 8 مارچ 2023ء، 15 مارچ ء2023، 18 مارچ 2023ء اور 24 مارچ 2023ء سمیت ہر موقع پر پرامن احتجاج کو خون میں نہلانے کی ہر حکومتی کوشش کو تحریک انصاف نے پاکستان کے مفاد میں ناکام بنایا۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی پوری سیاسی جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں اور پرامن تاریخ سے عبارت ہے، حقیقی آزادی ہماری منزل ہے، جب تک ہماری رگوں میں خون کا آخری قطرہ باقی ہے اس کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے، پرامن احتجاج کیلئے ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور شمالی پنجاب کے اضلاع سے آگ اور خون کا دریا عبور کر کے مکمل پرامن انداز میں ڈی چوک پہنچنے والے کارکنان اور شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ملک بھر سے آنے والے قافلوں کی میزبانی پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کے بھی بے حد مشکور ہیں، دنیا بھر میں بانی چیئرمین عمران خان کی کال پر تاریخی احتجاج کرنے والے اورسیز پاکستانیوں کے بھی شکرگزار ہیں۔