سب جیل بنانے کی منظوری وزارتِ قانون اور پارلیمانی افیئرز نے دی، نوٹی فکیشن جاری
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران گرفتار مظاہرین کیلئے سی آئی اے بلڈنگ آئی نائن کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے چیف کمشنر اسلام آباد نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے کی بلڈنگ کو آرٹیکل پریزنر ایکٹ 1894ء کی سکیشن 3 کے تحت سب جیل قرار دیا گیا ہے، سب جیل بنانے کی منظوری وزارتِ قانون اور پارلیمانی افیئرز نے دی، سب جیل بنانے کی منظوری اسلام آباد انتظامیہ کی درخواست پر دی گئی ہے، حالیہ احتجاج میں گرفتار ہونے والوں کو اس سب جیل میں رکھا جائے گا۔
دوسری طرف انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا اعلان کردیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 کے تحت احتجاج، ریلی یا مجمع پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے، اسلام آباد کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شہری کسی قسم کی ہنگامہ آرائی اور غیر قانونی عمل کا حصہ نہ بنیں، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، شہر میں سیکیورٹی انتظامات عوام کی جان اور مال کی حفاظت کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج تمام تعلیمی ادارے بھی بند ہیں، ترجمان ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں، تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا، نوٹیفکیشن کا اطلاق وفاقی دارالحکومت کے تمام تعلیمی اداروں پر کیا گیا ہے۔