بیلاروس کے وفد کی اسلام آباد آمد، صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کل آئیں گے

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) بیلاروس کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا جبکہ صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کل اسلام آباد پہنچیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بیلاروس کا وزارتی وفد وزیر خارجہ میکسم رائزنکوف کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا، وفد کا استقبال وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ شفقت علی خان نے کیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ بیلاروس میں پاکستان کے سفیر سجاد حیدر خان بھی وفد کے استقبال کے موقع پر موجود تھے، بیلاروس کے وفد میں وزیر خارجہ سمیت کل 8 وزراء شامل ہیں، بیلاروس کا وفد 68 افراد پر مشتمل ہے، وفد میں 43 تجارتی افراد شامل ہے۔

خیال رہے بیلاروس کے صدر کی سرکاری دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سے تفصیلی بات چیت ہوگی اور دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں پرتعاون کے فروغ پر تبادلہ کیا جائے گا جبکہ متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔