ریلوے سٹیشنوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات، مسافروں کا داخلہ مکمل بند کرکے سٹیشن سیل کر دیئے گئے
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر لاہور، راولپنڈی اور پشاور کے درمیان ٹرین سروس بھی بند کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ریلوے نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور، راولپنڈی اور پشاور کے درمیان تمام ٹرینیں فوری طور بند کردی ہیں، پشاور سے راولپنڈی، لاہور سے راولپنڈی اور ملتان و فیصل آباد سے راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تمام ٹرینیں فوری طور پر بند کردی ہیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اتوار 24 نومبر کی تمام 25 ٹرینوں کی بک کی جانے والی ٹکٹیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، اتوار کی تمام گاڑیوں کے مسافروں کو ٹکٹوں کے پیسے فوری واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے، مسافروں کو سٹیشن کے عارضی ٹکٹ گھر سے بکنگ کے پیسے واپس کیے جائیں گے، ریلوے سٹیشن پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں کا داخلہ مکمل بند کرکے سٹیشن سیل کردیئے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر حکومت نے اسلام آباد کے راستے بھی بند کر دیئے اس مقصد کے لیے وفاقی دارالحکومت کو جانے والے زيادہ تر راستوں پر کنٹیرز کھڑے کیے گئے ہیں، 26 نمبر چُونگی کو کنٹینر لگا کر مکمل سیل کرکے رینجرز کو تعینات کر دیا گیا، سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ کے مقام پر بند کر دی گئی، ایکسپریس وے بھی کھنہ پل کے مقام پر دونوں طرف سے بند ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ایئر پورٹ جانے والے راستے پر بھی کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں، فیض آباد سے اسلام آباد کا راستہ بھی بند ہے، جڑواں شہروں کا مرکزی رابطہ پل فیض آباد انٹرچینج ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے، اسلام آباد ایکسپریس وے اور آئی جی پی روڈ کو مختلف مقامات پر بند کردیا گیا، مری روڈ کو فیض آباد سے صدر تک مختلف پوائنٹس سے بند کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں لاہور اور فیصل آباد سے وفاقی دارالحکومت کو آنے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں، تمام رابطہ سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی ہیں، لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی موٹرویز کو بند کر دیا گیا، بابو صابو کو کنٹینرز اور بیریئرز لگا کر بند کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، شاہدرہ اور بتی چوک جانے والی سڑک کو دونوں اطراف سے بند کیا گیا، آزادی فلائی اوور پر کنٹینرز موجود ہیں، لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے بھی بند ہے، بند روڈ پر واقع تمام بس اڈے بند کردیئے گئے ہیں، لاہور رنگ روڈ تمام انٹرجینجز سے ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے۔