وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور پشاور سے قافلے کی صورت میں روانہ
پشاور ( نیوز ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کی فائنل کال کے لیے پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی قافلہ پشاور سے اسلام آباد روانہ ہوگیا، قافلے میں بشریٰ بی بی بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں احتجاج کے لیے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں قافلہ پشاور سے اسلام آباد کی طرف گامزن ہے، پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی علی امین گنڈا پور کے قافلے میں شامل ہیں تاہم وہ الگ گاڑی میں سوار ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ قافلے کی قیادت وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کر رہے ہيں، وزيرِاعلیٰ کے ساتھ سی ایم ہاؤس میں جمع ہونے والے کارکن بھی ہیں، خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں میں بھی تحریک انصاف کے کارکن جمع ہو کر اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے، مختلف قافلوں کے ساتھ رکاوٹیں اور کنٹینرز ہٹانے کے لیے کرینیں بھی شامل ہیں، علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے جو حکم ملا ہے اس پر ہر صورت عمل ہو گا، ہر صورت ڈی چوک پہنچیں گے، بانی پی ٹی آئی و دیگر قیدیوں کی رہائی اور مطالبات کی منظوری تک اسلام آباد میں رہیں گے۔
تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے تصدیق کی ہے کہ بشریٰ بی بی پشاور سے نکلنے والے تحریک انصاف کے سب سے بڑے قافلے کا حصہ ہیں، بشریٰ بی بی صوابی سے اسلام آباد بھی جائیں گی ، بشریٰ بی بی ورکرز کے شانہ بشانہ اور بانی تحریک انصاف کے دیئے گئے اہداف کے حصول کے لیے اسلام آباد جا رہی ہیں ،ورکرز کو اس وقت اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا،اگر ہم ورکرز سے اس کی فیملی کی شمولیت کی توقع رکھتے ہیں تو بانی پی ٹی آئی کی فیملی سب سے پہلے اس مارچ کا حصہ ہوگی۔