بانی پی ٹی آئی کی روبکارسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے جاری کی، بانی پی ٹی آئی کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں رہائی دی جائے
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سپیشل جج سینٹرل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانتی مچلکے منظور کرلئے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی روبکار جاری کردی گئی، روبکارسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے جاری کی،عدالتی روبکار میں لکھا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت اسلام آباد ہائیکورٹ سے منظور ہو چکی ہے ، بانی پی ٹی آئی کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں رہائی دی جائے۔
بانی پی ٹی آئی کے دس لاکھ روپے کے دو مچلکے طارق نون اور راجہ غلام سجاد نے دئیے۔عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ۔خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے توشہ خانہ 2کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کرنے اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیاگیا تھا ۔
توشہ خانہ کیس ٹو میں ضمانت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی تھی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بیرسٹرسلمان صفدر، ایف آئی اے اسپیشل پراسیکوٹرز عمیر مجید ملک اور ذوالفقارعباس نقوی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔اسلام آباد ہائیکورٹ بانی پی ٹی آئی کو 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کی تھی۔عدالت نے اس کے ساتھ ہی بانی پی ٹی آئی کو ٹرائل کورٹ کے سامنے بھی پیش ہونے کا حکم بھی دیا تھا۔
حکم نامے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ٹرائل کورٹ حاضری سے استثنا نا دے تو ہر سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔حکم نامے میں کہا گیا تھا بانی پی ٹی آئی کو خبردار کیا جاتا ہے ضمانت کی رعایت کا غلط استعمال نا کریں۔ ضمانت کےغلط استعمال پر پراسیکیوشن ضمانت واپس لینے کی درخواست دے سکتی ہے۔تاہم بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو راولپنڈی کے تھانہ نیوٹاون میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف جلاو گھیراو، املاک کو پہنچانے پر راولپنڈی پولیس نے تھانہ نیو ٹاﺅن میںمقدمہ درج کیا تھا۔تھانہ نیو ٹاون میں عمران خان کے خلاف جلاو گھیراو، پتھراو، پولیس سے مزاحمت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔یہ بھی بتایا گیا تھا کہ ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے تفتیش کرنے پہنچی تھی ۔ راولپنڈی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ عمران خان کے خلاف تھانا نیو ٹاون میں مقدمہ 28 ستمبر کو درج کیا گیا تھا۔