وزیر داخلہ محسن نقوی سے سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداود کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور پاک سعودیہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور سعودی دارالخلافہ ریاض کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز پیش کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداود کی ملاقات ہوئی، سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی بھی اس ملاقات مین شریک ہوئے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک سعودیہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کے باہمی تبادلوں اور مشترکہ ٹریننگ کے امور پر گفتگو بھی ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے موقع پر وزیرداخلہ نے اسلام آباد اور ریاض کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز دی جس سے سعودی وزیر نے بھی اتفاق کیا، ملاقات میں اس حوالے سے مزید ضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، سعودی عرب میں 419 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے قانونی کارروائی جلد مکمل کی جائے گی، ملاقات میں پاکستان سے بھکاریوں کو سعودی عرب بھجوانے والے مافیا کی سرکوبی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل درآمد پر اتفاق ہوا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ 4 ہزار 300 بھکاریوں کے نام ای سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں، سعودی عرب جانے والے بھکاریوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے اور ایسے بھکاری مافیا کے خلاف ملک بھر میں مؤثر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے کیوں کہ سعودی عرب ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، سعودی شہریوں کے لیے پاکستان آنے پر کوئی ویزہ نہیں وہ جب چاہیں پاکستان آ جا سکتے ہیں، موجودہ قیادت میں سعودی عرب 2030ء تک معاشی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں اقوام عالم میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔
بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، اسپشل سیکریٹری داخلہ، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے، اس دوران گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں جسے مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کے باہمی تبادلوں اور مشترکہ ٹریننگ کے لیے تیار ہیں۔