ہمارا واضح مئوقف ہے کہ مذاکرات میں قیدیوں کی رہائی، مینڈیٹ کی واپسی اور قانون کی بالادستی کی بات ہوگی، حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں یہ ناجائز طور پر عہدے پر بیٹھے ہیں، مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اسد قیصر نے کہا ہے کہ مذاکرات کی بات اپنی جگہ ہم 24نومبر کے احتجاج کیلئے پوری طرح تیار ہیں، ہمارا واضح مئوقف ہے کہ مذاکرات میں قیدیوں کی رہائی،مینڈیٹ کی واپسی اور قانون کی بالادستی کی بات ہوگی۔ انہوں نے نجی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جب 24نومبر احتجاج کا اعلان کیا تو اس کے ساتھ یہ بھی اعلان کیا تھا کہ اگر مذاکرات کیلئے کوئی بات ہوگی تو میں کمیٹی بناؤں گا۔
بڑی بڑی جنگیں بھی مذاکرات کے ساتھ ہی ختم ہوتی ہیں، پی ٹی آئی کا واضح مئوقف ہے کہ مذاکرات میں قیدیوں کی رہائی اور مینڈیٹ کی واپسی اور ملک میں قانون کی بالادستی کی بات ہوگی، جب ٹیبل پربات آئے گی تو دیکھیں گے کہ مذاکرات معنی خیز ہوسکتے ہیں؟ مذاکرات کی بات اپنی جگہ پی ٹی آئی 24نومبر کے احتجاج کیلئے پوری طرح تیار ہے ، ہم محسوس کررہے ہیں کہ عوام میں بڑا جوش ہے، پی ٹی آئی کا احتجاج ملکی تاریخ کا بہت بڑا ایونٹ ہوگا۔
اپنی آوازاٹھانا ہمارا قانونی حق ہے، ہم اپنی جدوجہد کو پرامن طور پر آگے بڑھائیں گے۔ ملک انارکی کی طرف جارہا ہے، کوئی آئین قانون نہیں ہے، تمام ادارے مفلوج ہوگئے ہیں۔حکومت کو عوام نے مینڈیٹ نہیں دیا، ناجائز طور پر عہدے پر بیٹھے ہیں، ان کو کیا کوئی شرمندگی محسوس ہورہی ہے؟ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے تو احتجاج ہرصورت ہوگا۔دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہر موقع پر دھرنا ہوتا ہے کیا یہ ملکی مفاد ہے؟جلسہ جلوس کرنا ہے تو کچھ دیر بعد بھی ہوسکتا ہے، ٹھنڈے دماغ سے سوچیں اور فیصلہ کریں کہ لانگ مارچ کرنے ہیں یا ترقی کرنی ہے؟