عمران خان کا پیغام ہے 24 نومبر کو غلامی سے آزادی حاصل کرنی ہے: علیمہ خان

راولپنڈی: ( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا پیغام ہے 24 کو غلامی سے آزادی حاصل کرنی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ آج بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کی اہمیت بتائی ہے، عمران خان نے بتایا کہ باہر نکلنا کیوں ضروری ہے، جمہوریت کے تین ستون ہیں، موجود حکومت نے تینوں ستونوں کو زمین بوس کردیا ہے، ڈیجیٹل میڈیا کا آج گلا گھونٹ دیا گیا ہے، سوشل میڈیا پر پابندی لگا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے حکمرانوں نے عدلیہ کو حکومت کا ایک محکمہ بنا دیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے واضح سمجھایا ہے آج آپ اس ملک میں غلام بن چکے ہیں، پہلے آپ چھوٹے غلام تھے اب مکمل بن چکے ہیں، آپ نے 24 نومبر کو اس غلامی سے آزادی حاصل کرنی ہے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا عمران خان کا پیغام ہے اگر اب نہیں کھڑے ہوں گے تو آئندہ نسلیں بھی غلام ہی رہیں گی، بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو صرف پی ٹی آئی کو کال نہیں دی بلکہ ہر پاکستانی کو دی ہے، ہم 24 کروڑ لوگ ہیں، ہمارا فرض ہے اپنے حق کیلئے کھڑے ہوں، ہمیں پتہ ہے مشکل وقت آنے والا ہے لیکن ڈرنا نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے کوئی چیز آپ کو اس آزادی سے روک نہیں سکے گی، سب سے زیادہ احساس اوورسیز پاکستانیوں کو ہونا چاہیے، اوورسیز اپنے اپنے ملکوں میں 24 تاریخ کو باہر نکلیں، آپ کی آزادی قریب ہے، کنٹینرز لگیں ہوں گے تو ہمیں اور آپ کو معلوم ہے کس طرح پہنچنا ہے، احتجاج ہمارا آئینی حق ہے۔