راولپنڈی: ( نیوز ڈیسک ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے خلیج عدن میں 23 ایرانی ماہی گیروں کو بچا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس ذوالفقار کو ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے دوران ایرانی ماہی گیر کشتی ال محمدی کی جانب سے ہنگامی مدد کی کال موصول ہوئی۔
ایرانی کشتی نے اپنی بندرگاہ سے 1200 ناٹیکل میل پر ایک رکن کے شدید زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ انجن کے خراب ہونے کی اطلاع دی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پی این ایس ذوالفقار کے عملے نے فوری طور پر ماہی گیروں کو طبی اور تکنیکی مدد فراہم کرتے ہوئے انجن کی مرمت کی، تعیناتی کے دوران پاک بحریہ کے جہاز سمندر میں متاثرہ بحری جہازوں کو ریسکیو کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی آپریشن بحری جہازوں کی حفاظت اور سلامتی کے حوالے سے پاک بحریہ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے، پاک بحریہ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول پر باقاعدگی سے تعینات ہے۔