ان کیلئے نومبر سے آگے عمران خان کو جیل میں رکھنا مشکل ہوگا، نومبر میں امریکی اسٹیبلشمنٹ میں بھی تبدیلی آجائے گی، 5 نومبر کو ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیت رہا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماء سردار لطیف کھوسہ کا دعویٰ
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ عمران خان جلد آخری کیس میں سرخرو ہوں گے اور نومبر میں جیل سے باہر ہوں گے، ان کیلئے نومبر سے آگے عمران خان کو جیل میں رکھنا مشکل ہوگا، نومبر میں امریکی اسٹیبلشمنٹ میں بھی تبدیلی آجائے گی، 5 نومبر کو ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیت رہا ہے۔
انہوں نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ نے جس فسطائیت کا ثبوت دیا ، شرم حیا نام کی کوئی چیز نہیں رہی، ایسا کام ضیاء الحق نے بھی نہیں کیا تھا، ہم وہ دور بھی دیکھا ہے، اس نے لوگوں کو پابند سلاسل کیا، پھانسیاں دیں، لیکن اس نے بھی نہیں کیا تھا جو موجودہ حکومت ریکارڈ قائم کررہی ہے، یہ گنیز بک میں لکھا جائے گا۔
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہ بات لکھ لیں کہ حکومت 27ویں ترمیم کبھی پیش نہیں کرے گی، یہ بس افواہ چھوڑی گئی ہے، آئین کو جس طرح مسخ کیا گیا اس سے ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر کی روح تڑپ گئی ہوگی، میثاق جمہوریت کی روح یہ تھی کہ اپوزیشن کا بھی مثبت رول ہوگا ،میثاق جمہوریت کی روح یہ تھی کہ صحافت آزاد ہوگی، مولانا فضل الرحمان نے 26 ویں آئینی ترمیم کو کالا ناگ کہا تھا، مولانا نے کہا تھا کہ کالے ناگ کا زہر اور دانت نکال دیئے ہیں۔
26 ویں ترمیم تھا کہ سویلین کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں کیا جائے گا، کوئی عدالت اس میں دخل نہیں دے سکتی، ترمیم میں 56 ترامیم موجود تھی۔ حکومت کو خدا کا خوف کرنا چاہیئے، یہ اسٹیبلشمنٹ کی غلامی میں چلے گئے ہیں، ملک میں مارشل لگا دیا ہے، یہ آئینی مارشل لاء ہے، اس کو اگر کوئی جمہوریت کا نام دیتا بھی ہے تو میں ایسا بالکل نہیں سمجھتا۔فضل چوہدری کو بھی پتا ہے کہ یہ بھی فارم 47 کے ساتھ قومی اسمبلی میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
یہ نظام ایسے نہیں چلے گا، ان کا بنگلادیش سے بھی برا حال ہونا ہے، حسینہ واجد کو تو ہندوستان نے پناہ دے دی ان کا برا حال ہوگا۔سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز لینے پر پیپلزپارٹی نے شوکاز نوٹس دیا، کیسز لینا میرا پیشہ ہے اس پر کوئی غلط بات نہیں کی، عمران خان جلد آخری کیس میں بھی سرخرو ہوں گے، انشاء اللہ ! بانی پی ٹی نومبر میں ضرور جیل سے باہر آجائیں گے،ان کیلئے نومبر سے آگے عمران خان کو جیل میں رکھنا مشکل ہوگا۔نومبر میں امریکی اسٹیبلشمنٹ میں بھی تبدیلی آجائے گی، 5نومبر کو ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیت رہا ہے۔ پہلے ڈونلڈ لو کے کہنے پر نکالا گیا تھااب صورتحال تبدیل ہوجائے گی۔