امن و امان کے معاملے میں پاکستان دنیا کا تیسرا بدترین ملک قرار

امن و امان کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کو 142 میں سے 140 واں نمبر ملا، علاقائی رینکنگ میں پاکستان کو 6 ممالک میں سب سے آخری نمبر ملا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) امن و امان کے معاملے میں پاکستان دنیا کا تیسرا بدترین ملک قرار ، امن و امان کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کو 142 میں سے 140 واں نمبر ملا، علاقائی رینکنگ میں بھی پاکستان کو 6 ممالک میں سب سے آخری نمبر ملا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے ممالک میں امن و امان کی صورتحال اور قانون کی حکمرانی کے حوالے سے ورلڈ جسٹس پروجیکٹ کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔

رپورٹ میں قانون کی حکمرانی اور امن و امان کے حوالے سے دنیا بھر کے ممالک کی کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی کی گئی ہے۔ ورلڈ جسٹس پروجیکٹ کی رپورٹ میں امن و امان کے معاملے میں پاکستان کو دنیا کا تیسرا بدترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ ورلڈ جسٹس پروجیکٹ کی جانب سے امن و امان کے حوالے سے کل 142 ممالک کی کارکردگی کا جائزہ لے کر درجہ بندی جاری کی گئی ہے، جس میں پاکستان کو 140 واں نمبر ملا۔

جبکہ علاقائی سطح پر بھی قانون کی حکمرانی کے معاملے میں پاکستان کی کارکردگی بدترین قرار دی گئی ہے۔ علاقائی سطح پر 6 ممالک میں پاکستان کو آخری یعنی چھٹا نمبر دیا گیا۔ علاقائی سطح پر امن و امان کے معاملے میں افغانستان کی کارکردگی پاکستان سے بھی بہتر قرار دی گئی ہے۔ ورلڈ جسٹس پروجیکٹ کی رپورٹ میں قانون کی حکمرانی کے معاملے میں پاکستان کو 142 میں سے 129 واں نمبر ملا، جبکہ علاقائی سطح پر پاکستان کو 6 میں سے 5 واں نمبر ملا۔
قانون کی حکمرانی کے معاملے میں علاقائی سطح پر صرف افغانستان کی رینکنگ پاکستان سے کم رہی۔ رول آف لا انڈیکس کے مطابق جنوبی ایشیا میں نیپال کا نمبر 69 ،سری لنکا 75 ، بھارت 79 اور بنگلہ دیش 127ویں نمبر پر ہے۔ واضح رہے کہ عالمی ادارے نے درجہ بندی کیلئے 8 معیارات طے کیے تھے، جن میں بنیادی حقوق، امن عامہ، سماجی اور فوجداری انصاف اور کرپشن شامل تھے۔