26 ویں ترمیم کو اگر ختم کیا گیا تو پھر پارلیمنٹ اپنی طاقت استعمال کرے گی

اب ایسا نہیں ہوگا کہ وزیراعظم گھر بھیج دیں یا آئینی ترمیم کو اڑا دیں گے، فوری طور پر 27ویں ترمیم نہیں آرہی جب ضرورت ہوگی تو ضرور لائی جائے گی، مرکزی رہنماء ن لیگ طلال چودھری

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء طلال چودھری نے کہا ہے کہ 26ویں ترمیم کو ختم کیا گیا تو پارلیمنٹ پانی طاقت استعمال کرے گی، اب ایسا نہیں ہوگا کہ وزیراعظم گھر بھیج دیں یا آئینی ترمیم کو اڑا دیں گے، فوری طور پر 27ویں ترمیم نہیں آرہی جب ضرورت ہوگی تو ضرور لائی جائے گی۔ انہوں نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے وقت سے حکومت کیخلاف اعلانات کررہے ہیں، جنرل عاصم منیر کی تعیناتی ہونی تھی اس کیخلاف پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کیا ، پھر بھی تقرری ہوگئی۔
الیکشن کیلئے جلسے جلوس کئے گئے لیکن الیکشن پھر بھی مقررہ وقت پر ہوئے۔ایس سی او کانفرنس بھی ہوئی، 26ترمیم کا کہتے تھے نہیں ہونے دیں گے لیکن ترمیم ہوگئی، پی ٹی آئی لگے رہنے دو، ہاتھی کے دانت دکھانے کے اور کھانے کے اور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ گنڈاپور نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی رہائی میں ان کا کردار ہے، پھر چار لاکھ آدمی پاؤں پکڑنے کیلئے لانے ہیں یا گریبان پکڑنے کیلئے؟پی ٹی آئی کا انقلاب لانے والا کھیل ہم بڑی دیر سے دیکھ رہے ہیں۔

موجودہ حکومت نے پاکستان میں سیاسی استحکام اور معیشت کو سنبھالا ہے، اگر کسی کو ہضم نہیں ہورہا کہ آج ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا ہوا ہے، اسٹاک ایکسچینج دنیا کی بہترین ہے، آئی ایم ایف کا معاہدہ ہوا پاکستان میں معیشت اور اشاریے بہتر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک وی آئی پی قیدی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر 100سے زائد مقدمات تھے، نااہل بھی ہوا ہوں لیکن لیڈرشپ کے ساتھ کھڑے رہے۔
انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم فوری نہیں آرہی ،خبریں ہیں کہ 26ویں ترمیم کو چیلنج یا ختم کیا جارہا ہے، پارلیمنٹ کھڑی ہوگی، ایسا نہیں ہوگا کہ پارلیمنٹ کابنایا وزیراعظم گھر بھیج دیں یا آئینی ترمیم کو اڑا دیں گے، پارلیمنٹ اپنی طاقت کا استعمال کرے گی، فوری طور پر 27ویں ترمیم نہیں آرہی جب ضرورت ہوگی تو لائی جائے گی۔