روسی نائب وزیر دفاع کی ایئر چیف مارشل سے ملاقات، باہمی فوجی تعاون پر گفتگو

راولپنڈی: ( نیوز ڈیسک ) روس کے نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومین کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق روسی نائب وزیر دفاع نے وفد کے ہمراہ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات کی جس میں باہمی فوجی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں مشترکہ فوجی مشقوں اور پاک فضائیہ کے اثاثوں کے لئے تکنیکی معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو نے روس کے ساتھ فوجی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تربیتی پروگراموں اور مشترکہ فوجی مشقوں پر زور دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومین نے موجودہ قیادت میں پاک فضائیہ میں حالیہ متاثر کن پیشرفت کو سراہا اور ملٹری ٹو ملٹری تعاون اور پاک فضائیہ کیلئے تکنیکی معاونت کیلئے تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔