عمران خان کو مزید کوئی شکایت ہوئی تو پورا پاکستان بند کردیں گے، علی امین گنڈاپور

میں پوری قوم سے کہتا ہوں وہ تیار رہے‘ ڈی چوک کے بعد اگلا مرحلہ صرف ایک ہے اور اس سے ان کو بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا‘ ان مینڈیٹ چور حکومت سے جان چھڑائیں گے؛ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا بیان

پشاور ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو مزید کوئی شکایات ہوئی تو پورا ملک بند کردیں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کی بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ہمیں وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کے عمران خان کے ساتھ رویے اختیار کے بارے میں پتہ چلا کہ ان کے سیل کی بجلی بند کی گئی جو اب بھی کی جاتی ہے، جیل کے اندر حقوق نہیں دیئے جارہے ہیں، انہیں ایکسرسائز نہیں کرنے دی جارہی، کھانے سے متعلق بھی شکایات ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کہتے ہیں کہ میں آپ کو وارننگ دے رہا ہوں اگر اس کے بعد اس طرح کی کوئی شکایت ہمیں آئی یا پھر عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی سے متعلق کوئی بات سننے کو ملی تو دن تو آپ ویسے ہی اپنے گن رہے ہیں، ہم بھی آپ کے دن گننا شروع کردیں گے اور پورا ملک بند کردیں گے، میں پوری قوم سے کہتا ہوں وہ تیار رہے، ہم نے پورے پاکستان کو بند کرنے کا فیصلہ کیا جس کے ذریعے ہم ان مینڈیٹ چور حکومت سے جان چھڑائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے ڈی چوک کے بعد اگلا مرحلہ صرف ایک ہے اور اس سے ان کو بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا، ہماری لیڈرشپ اور کارکنان ہمیشہ پر امن رہے ہیں لیکن یہ ہمیں مجبور نہ کریں، ہم چاہتے ہیں ان کے ساتھ وہ کیا جائے جس کے یہ حقدار ہیں، ہماری پارٹی کے اندر جن لوگوں نے عمران خان سے غداری کی ہے، بزدلی کے بعد فلاسفر بن کر سوشل میڈیا اور میڈیا پر بیٹھے رہتے ہیں، ان لوگوں کے بارے میں تاریخ میں ایک ہی لفظ غدار ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان لوگوں نے غداری کی ہے، چاہے وہ بزدلی کی وجہ سے کی ہو یا پھر پیسے لے کر بکے ہوں، اب ہماری پارٹی میں وہ لوگ آچکے ہیں جو بہادر ہیں، نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ پارٹی کا اثاثہ ہیں، ان حالات میں جو لوگ سامنے آرہے ہیں، یہی ہماری لیڈر شپ ہے، ان ہی لوگوں نے پارٹی کو سنبھالنا ہے، ان لوگوں نے ہی پارٹی کو ٹیک اوور کرنا ہے، ہمیں غداروں کی کوئی ضرورت نہیں، ہم لوگ مل کر اپنی تحریک، نظریہ اور اپنے مقصد کے ساتھ جس طرح کھڑے ہیں، کھڑے رہیں گے اور وقت دور نہیں جب ہمیں اپنی منزل ملے گی۔