مونس الہی کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس انٹرنیشنل پولیس کو بھجوا دیا گیا.رپورٹ
لاہور( نیوز ڈیسک ) منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد شیخ نے چوہدری پرویز الہی اور ان کے صاحبزادے مونس الہی و دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا.
عدالتی حکم میں لکھا گیا کہ مقدمہ میں نامزد ملزم چوہدری مونس الہی کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس انٹرنیشنل پولیس کو بھجوا دیا گیا، ایف آئی اے کے مطابق انٹرنیشنل پولیس کے پاس ریڈ نوٹس ریویو کے لیے موجود ہے.
عدالت نے راہنما تحریک انصاف چوہدری پرویز الہی کو پانچ نومبر کو ہرصورت عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا جبکہ مونس الہی کے شریک ملزم ضیغم عباس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے.
عدالتی حکم میں لکھا گیا کہ ایف آئی اے نے مونس الہی سمیت 9 اشتہاری ملزمان کی جائیدادیں قرقی کے دورانیہ میں اضافے کی استدعا کردی ہے، عدالت نے قرقی کے دورانیے میں اضافے پر ایف آئی اے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی. عدالت نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے زارا الہی کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی اور سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الہی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کا چالان جمع کروا رکھا ہے.