اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) 26 ویں آئینی ترمیم کے قانون بننے کے بعد سپریم کورٹ نے برطرف ملازمین بحالی کی درخواستیں آئینی بنچز کو بھیج دیں۔ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے برطرف ملازمین بحالی کی درخواستوں پر سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار وسیم سجاد نے کہا کہ پر سکون زندگی ہر شہری کا آئینی حق ہے جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس میں آئینی سوال ہے اور 26 ویں آئینی ترمیم میں کہا گیا آئینی کیسز آئینی بنچز سنیں گے اس لیے آئینی بنچز بنیں گے اور وہی اس کیس کا تعین کریں گے۔
جسٹس عائشہ ملک نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ کیس اہم آئینی بنچ ہی سنے گا۔ عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیئے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے تناظر میں آئینی سوال کے کیسز آئینی بنچز سنیں گے، درخواستیں آئینی بنچز کو بھیج رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزارت پٹرولیم نیچرل ریسورس کے 7 ملازمین نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔