اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے، یہ صرف آئینی ترمیم نہیں اتفاق رائے اور یکجہتی کی مثال ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی سے 26 آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک نیا سورج نکلے گا جس سے پورے ملک میں روشنی ہوگی۔
شہبازشریف نے کہا کہ محلاتی سازشوں کے ذریعے حکومتوں کو گھر بھیجا جاتا تھا، وزرائے اعظم کی چھٹی کرادی جاتی تھی، وزیراعظم نے کہا کہ نماز فجر کیلئے اذان ہوگئی ہے، اس میں تاخیر کا بوجھ نہیں لوں گا، ایسی آئینی ترامیم کی گئی ہیں جس سے پاکستان کا مستقبل مضبوط اور محفوظ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف کے ساتھ بے نظیر بھٹو شہید کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اس ترمیم کیلئے خلوص دل سے محنت اور کاوش کی، مولانا فضل الرحمان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ کاش پی ٹی آئی بھی اس آئینی ترمیم میں آتی تو بہت اچھا ہوتا، ہاؤس میں موجود لوگ ذاتی انا قربان کرکے آگے بڑھیں اور اس عظیم کارنامے کو انجام دیا، منڈلاتے ہوئے خطرناک بادل جو پاکستان پر برسنا چاہتے تھے وہ ختم ہوگئے ہیں۔