تحریک انصاف کا قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان

جب تک آئینی ترمیم کا مسئلہ ختم نہیں ہو تا اور جب تک ہمارے مطا لبات کو نہیں مانا جاتا اس وقت تک ہم کسی پروسیڈنگ میں نہیں جائیں گے۔ پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء اور سابق سپیکر پنجاب اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ آج ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جب تک آئینی ترمیم کا مسئلہ ختم نہیں ہو تا اس وقت تک ہم قومی اسمبلی اور سینیٹ کی تمام پروسیڈنگ سے بائیکاٹ کریں گے، جب تک ہمارے مطا لبات کو نہیں مانا جاتا اس وقت تک ہم کسی پروسیڈنگ میں نہیں جائیں گے، ہم پر امن طور پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، 24 گھنٹے میں علی امین کو بازیاب نہ کرایا گیا تو پورے ملک میں احتجاج کی کال دیں گے۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کے اغواء اور جبری گمشدگی کو فالس فلیگ آپریشن ٹو قرار دے کر وزیراعلیٰ کی فوری بازیابی و رہائی کا مطالبہ کر دیا، مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ ”فالس فلیگ آپریشن ٹو“ کو ناکام بنانے اور پرامن احتجاج کو خون میں نہلانے کی حکومتی کوششوں کو خاک میں ملانے پر تحریک انصاف کے کارکنان اور پختون عوام خراجِ تحسین کے مستحق ہیں، صوبے کے منتخب وزیراعلیٰ کی جبری گمشدگی نہایت شرمناک، اشتعال انگیز، آمرانہ اور وفاقِ پاکستان کیلئے تباہ کن ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی 2023ء کو سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے اسی طرح گرفتار کرکے ایک فالس فلیگ آپریشن عمل میں لایا گیا، اب کی بار وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو دن کی روشنی میں خیبرپختونخواہ ہاؤس پر مسلّح لشکر کشی کرکے 9 مئی کی طرز پر فالس فلیگ آپریشن ٹو کے تحت گرفتار کیا گیا، دوتہائی مینڈیٹ کے حامل وزیراعلیٰ کو اسلام آباد سے بندوق کے زور پر اٹھا کر کروڑوں پختونوں کو شدید اشتعال دلوانا اور جذباتی ردعمل کا ماحول پیدا کرکے آگ اور خون کی ہولی کھیلنا مقصود تھا۔
شیخ وقاص اکرم کہتے ہیں کہ پوری دنیا دیکھ رہی تھی علی امین کی قیادت میں پرامن احتجاج کیلئے ڈی چوک کی جانب بڑھنے والا عوامی سمندر بدترین ریاستی فسطائیت کے باوجود مکمل طور پر پرامن رہا، تحریک انصاف کا پرامن احتجاج مینڈیٹ چوروں اور ان کے سرپرستوں کے مکروہ عزائم کیلئے خفت اور ناکامی کا پروانہ بن رہا تھا، علی امین گنڈا پور کو بندوق کے زور خیبرپر پختونخواہ ہاؤس سے اغواء کرکے پرامن احتجاج کو 9 مئی کی طرز پر پرتشدد بنانے کی مکروہ سازش کی گئی، تحریک انصاف کے باشعور کارکنان اور عوام خصوصاً پختون شہریوں نے صبر و تحمّل، قانون پسندی اور اپنی بالغ نظری سے سرکار کے فالس فلیگ آپریشن دوم کو ناکام بنایا۔