اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رات گئے وزارت داخلہ کے کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد شہر کے مختلف حصوں کی مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شہر کی صورتحال کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا بھی موجود تھے، وزیر داخلہ کو اسلام آباد کی مجموعی صورتحال کے متعلق بریفنگ دی گئی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، امن و امان اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔