بانی پی ٹی آئی کی کال پر عوام کا سمندر ڈی چوک کی طرف رواں دواں ہے، بیرسٹر سیف

پشاور: ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پرعوام کا سمندر ڈی چوک کی طرف رواں دواں ہے، وزیر اعلیٰ کا قافلہ صوابی سے نکل کر اٹک کی طرف بڑھ رہا ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوابی سے آگ موٹروے پر کیل بچھائے گئے ہیں، پُرامن لوگوں سے ن لیگ خوفزدہ کیوں ہے، عوام مینڈیٹ چوری کرنے والے حکمرانوں سے حساب لینے نکلی ہے، ن لیگ نے پُرامن احتجاج کے دوران لاشیں گرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پُر امن احتجاج میں ن لیگی مسلح کارکنان شامل ہونے کے شواہد ملے ہیں، برہان انٹرچینج کے قریب موٹروے کی کھدائی کی گئی ہے، نااہل وفاقی حکومت پُرامن احتجاج کو زبردستی پُرتشدد بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اپنے حقوق کے لیے نکلنے والے عوام پر ہونے والے ریاستی جبر کا بھرپور جواب دیا جائے گا، وفاقی اور پنجاب حکومت کا خوف سمجھ سے باہر ہے، ن لیگ میدان میں آئے اور اداروں کو اپنی گندی سیاست کے لیے استعمال نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کو سیاسی اداروں تک محدود رکھنا چاہیے، شریف خاندان سے نجات ضروری ہو چکی ہے، شریف خاندان بین الاقوامی سطح پر ایک کرپٹ سیاسی خاندان کے طور پر ثابت ہو چکا ہے، کرپٹ خاندان کو پاکستانی عوام پر مسلط کر کے کونسی سزا دی جا رہی ہے۔