ہمارے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں‘ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس تیزی سے گر رہے وہ جلد لندن بھاگ جائیں گے . قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف کی صحافیوں سے گفتگو
سرگودھا ( نیوز ڈیسک ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں آج4اکتوبر کو ہر حال میں احتجاج ہوگا یہ ہمارا آئینی حق ہے احتجاج کی حکمت ترتیب دیدی گئی ہے حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک پورے ملک میں زورو شور سے جاری ہے یہ حکومت لندن پلان کے تحت چل رہی ہے اوراپنی کرپشن چھپانے کے لئے آئین میں ترمیم چاہتے ہیں ایسا نہیں ہونے دیں گے.
ان خیالات کااظہار انہوں نے سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں گزشتہ روز کے احتجاج میں ہمارے لوگوں پر تشدد اور فائرنگ کی گئی پرامن مظاہرین پر لاٹھی چار ج اور آنسو گیس کے شیل پھینکے گئے حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں .
انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس تیزی سے گر رہے وہ جلد لندن بھاگ جائیں گے ہم پر بنائے گئے تمام کیسز بوگس ہیں ہمارے لوگوں کو غیر قانونی حراست میں لیا گیا ہے ہم سیاسی لوگ ہیں پرامن احتجاج کرنا ہمارا آئینی و قانونی حق ہے. انہوں نے کہا کہ لندن پلان کے تحت قانون سازی کی جا رہی ہے‘یہ آئینی ترمیم نہیں کر سکیں گے‘اپنی کرپشن چھپانے کیلئے آئین میں ترمیم چاہتے ہیں ایسا نہیں ہونے دیں گے ہم ان کا ہر حربہ ناکام بنادیں گے آئینی ترامیم کے ذریعے یہ لوگ عدلیہ کو دبا ﺅمیں لانا چاہتے ہیں یہ لوگ چاہتے ہیں کہ عدلیہ کو دباﺅمیں لاکر اپنی مرضی کے فیصلے لئے جائیں آئینی ترامیم کو کسی صورت منظور نہیں ہونے دیں گے.
یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے راہنماعمر ایوب نے کہا تھا کہ ملک میں آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ماہ ہو گیا عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دی جارہی اڈیالہ جیل کے باہر پارٹی راہنماﺅں کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ چار گھنٹے کھڑے رہے مگر عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی تھی ہم سیاسی جماعت ہیں اورقومی وصوبائی اسمبلی میں آفس ہولڈربھی رہے ہیں حکومت کے ظلم کیخلاف ہم اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے. قبل ازی عمر ایوب اور احمد خان بھچر سرگودھا کی انسداددہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے ‘ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی .