اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) ترجمان دفتر خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی اسرائیلی مہم جوئی کی مذمت کرتے ہوئے تناؤ میں کمی اور تنازعات کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تناؤ پر گہری تشویش ہے، تمام فریقین پر زور دے رہے ہیں کہ امن کو ترجیح دی جائے، لبنان پر حالیہ حملے نے کشیدگی میں مزید شدت پیدا کر دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے، اسرائیلی اقدامات کے نتیجے میں سنگین انسانی بحران پیدا ہوا ہے، اسرائیل نے علاقائی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملوں سے بے گناہ شہریوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں، فلسطین، لبنان اور خطے کے لوگ خوف اور تشدد سے آزاد زندگی گزارنے کے مستحق ہیں، عالمی برادری کو چاہیے کہ کہ تناؤ میں کمی کے لیے کردار ادا کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپنے اس مطالبے کا اعادہ کرتا ہے کہ خطے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھے، پاکستان لبنان کی خودمختاری کے تحفظ اور غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے کے لیے بھی سلامتی کونسل سے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دو ریاستی حل کی مسلسل وکالت کی ہے، دو ریاستی حل مسئلہ فلسطین کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا ضامن ہے۔