’اس کو حکومت جانے کی بھی کوئی پرواہ نہیں‘ عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو ہیرو قرار دیدیا

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے بیرسٹر گوہر علی خان سے متعلق چلنے والی خبروں کی بھی تردید کردی

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو ہیرو قرار دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر سے متعلق خبروں کی بھی تردید کردی۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیرسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور ہیرو ہے اس کو حکومت جانے کی بھی کوئی پرواہ نہیں، اسی طرح بیرسٹر گوہر خان سے متعلق بے بنیاد خبریں چل رہی ہیں، بیرسٹر گوہر خان بہت اچھا کام کررہے ہیں، وہ پارٹی کے چیئرمین ہیں ان کو کس طرح بزدل کہہ سکتا ہوں۔
دو روز قبل وی نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ جیل میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم نے ان سے سوال کیا کہ ’راولپنڈی کا احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ کس کا تھا؟‘ اعظم سواتی نے بتایا کہ ’بیرسٹر گوہر نے احتجاج مؤخر کرنے کی کال دی‘، یہ سن کر عمران خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’بیرسٹر گوہر بزدل آدمی ہے اس کو فارغ کریں‘۔
بتایا گیا کہ جب اعظم سواتی نے پی ٹی آئی قائد کو بتایا کہ ’راولپنڈی میں ہمارا احتجاج بڑا زبردست تھا جہاں لوگوں نے مزاحمت کی اور شام تک لڑتے رہے‘، اس پر عمران خان نے ان سے استفسار کیا کہ ’اگر احتجاج کامیاب تھا تو مؤخر کیوں کیا؟ کیا آپ کو یہاں صفائیاں دینے کے لیے بھیجا گیا ہے؟‘۔ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو حکم دیا کہ ’اگلے جمعہ کو ڈی چوک اسلام آباد پر احتجاج کی کال دیں اور جو مرضی ہو جائے، چاہے 2 دن لگیں ہر صورت ڈی چوک پہنچنا ہے، اگر علی امین گنڈاپور راولپنڈی احتجاج کے لیے لیاقت باغ پہنچ جاتا تو بڑا لیڈر بن جاتا کیوں کہ عوام فیصلہ کرچکی ہے، میرے اور عوام کے درمیان کوئی غلط فہمی نہیں ہے، اب پارٹی قیادت بھی اپنا فیصلہ کرلے‘۔