اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد پی آئی اے نے اپنی تمام پروازوں کو ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایئرلائن کےتمام کپتانوں اورفلائٹ آپریشن کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، ایران کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے سے متعلق تمام پروازوں کے فلائٹ پلانز ازسرنو ترتیب دیئے جا رہے ہیں۔
پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ جب تک صورتحال واضح نہیں ہو جاتی ایران کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائے گی، پی آئی اے ایران کی فضائی حدود کے 2 کوریڈور استعمال کرتا ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے مزید کہا کہ ناردرن کوریڈور کو کینیڈا اور ترکی جانے والی پروازیں استعمال کرتی ہیں جبکہ سدرن کوریڈور کو یو اے ای، بحرین، دوحہ اور سعودی عرب کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔