سیلاب متاثرین کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے، بلوچستان کے عوام کی ہرممکن مدد کریں گے، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق دنیا بھر میں آواز اٹھائی، چیئرمین پیپلز پارٹی کا تقریب سے خطاب
کوئٹہ ( نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہناہے کہ بلوچستان سے سوتیلوں کا جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ،سیلاب متاثرین کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے،بلوچستان کے عوام کی ہرممکن مدد کریں گے،موسمیاتی تبدیلی سے متعلق دنیا بھر میں آواز اٹھائی،کوئٹہ میں بلوچستان کے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک اور دیگر اداروں سے فنڈنگ اس وقت بحیثیت وزیرخارجہ اکٹھا کی۔
وزیرِ اعظم کے ساتھ دنیا کے سامنے کھڑے ہو کر بطور وزیرِ خارجہ وعدے کئے تھے۔ وزیر اعظم نے اس کانفرنس میں مجھ سے وعدہ کیا تھا۔سیلاب متاثرین کو ضرور پیسہ پہنچائیں لیکن اپنے صوبے کے پلاننگ کے وزیر کے ساتھ وفاق سے جا کر ملیں۔
ہم نے ہاوسنگ پروجیکٹ کی فنڈنگ کا بندوبست کیا۔یہ میرا منصوبہ ہے جو ہم نے ورلڈ بینک کے سامنے رکھا اس کا مقصد سیلاب متاثرین کے گھروں کو اس طرح تعمیر کرنا ہے کہ یہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹ سکیں۔
میں جانتا ہوں کہ وفاق کا حصہ سندھ کو دلانا کتنا مشکل ہے۔ 2022 سے وفاق نے یہاں ایک گھر نہیں بنایا۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں حکومت سازی کا معاہدہ ہوا تھا۔ معاہدے کی شرط تھی کہ سیلاب متاثرین کی بحالی پہلی ترجیح ہو گی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ورلڈ بینک سے پہلے وفاقی اور صوبائی حکومت کو اس میں مدد کرنا چاہیے۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپنی کمٹمنٹ ظاہر کرنی ہے۔ سیلاب متاثرین کے ایشو کو سنجیدہ لے۔ ملک کے وسائل کم ہیں بلوچستان کے اس سے بھی کم ہیں۔ اگرآپ اپنا حصہ ڈالتے ہیں تو دنیا سے مزید فنڈنگ ملے گی۔ صوبائی اور وفاقی حکومتیں سیلاب متاثرین کو سنجیدہ لیں۔ سندھ کے وزیراعلیٰ سے کہتا ہوں کہ بات کریں۔ میں یہ چاہتاہوں آپ یہ پیسہ فوری سیلاب متاثرین کو دیں۔انہوں نے کہا کہ میں بیرون ملک سے کیا گیا وعدہ سندھ میں پورا کر رہا ہوں۔جیسے بلوچستان چل رہا ہے یہ ان کے ساتھ ناانصافی ہے ایسے گھر بنائیں کہ اگلے سیلاب میں یہ خاندان پھر ایسے متاثر نہ ہوں۔ ہمارے وسائل بہت کم ہیں۔ ہم نے اپنے وسائل کو صحیح طریقے سے استعمال کرنا ہے۔