بیرسٹر گوہر کی گرفتاری کے بعد رہائی، سلمان اکرم راجہ زیر حراست

ہمیں پولیس نے ایچ 13 سے گرفتار کیا، ہمیں کہا گیا راولپنڈی جانے کی بجائے واپس چلے جائیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کرلیا گیا، بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی کو رہائی مل گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ اسلام آباد کے علاقہ ایچ 13 سے راولپنڈی کی طرف جا رہے تھے کہ اس دوران انہیں گرفتار کرلیا گیا تاہم کچھ دیر پولیس نے بیرسٹر گوہر علی خان کو رہا کردیا۔
بیرسٹر گوہر خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہمیں پولیس نے ایچ 13 سے گرفتار کیا، میرے ساتھ سلمان اکرم راجہ بھی تھے، ہمیں کہا گیا راولپنڈی جانے کی بجائے واپس چلے جائیں، سلمان اکرم راجہ اور میری بحث کے بعد پولیس نے مجھے واپس بھیج دیا لیکن سلمان اکرم راجہ پولیس کی تحویل میں ہیں۔
ادھر صوبہ خیبرپختونخواہ کو پنجاب سے ملانے والے اٹک پُل پر پی ٹی آئی کارکنوں پر آنسو گیس کی شدید شیلنگ شروع کردی گئی، ہکلہ حسن ابدال کے قریب بھی پی ٹی آئی کارکنوں پر آنسو گیس کی شدید شیلنگ کا سلسلہ شروع ہوا، پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ کرکے منتشر کیا جا رہا ہے، اسی طرح کامرہ میں پی ٹی آئی قافلوں پر پنجاب پولیس کی شیلنگ کی گئی، پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کی قیادت میں آنے والے قافلوں پر بھی شدید شیلنگ کی گئی، ہزارہ ایکسپریس وے پر بھی پولیس کی شیلنگ جاری رہی، دوسری طرف لیاقت باغ سے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں شروع ہوچکی ہیں اور اب تک چند پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کی اطلاع ملی ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے درباری وزراء کے چیلنج کے بعد دوسری بار اٹک پل کراس کرلیا، برہان کے مقام پر شیلنگ کرکے قافلے کو منتشر کرنے کی ناکام کوشش کی گئی، تاہم کنٹینرز ہٹاکر قافلہ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔ پی ٹی آئی رہنماء شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ شیلنگ کی جا رہی ہے لیکن لوگ نہیں ہٹ رہے، عزم اور حوصلے بلند ہیں پر امن احتجاج کے لیے نکلے ہیں، یہ کوشش کرلیں ہمیں نہیں روک سکتے، علی امین گنڈاپور صاحب کی قیادت میں بہت بڑا قافلہ راولپنڈی جائے گا، ہم ہر رکاوٹ عبور کریں گے۔