ان کی ایسی کی تیسی، ان کی مجال یہ جب چاہے چیف جسٹس و سپہ سالار کو گالی دیں، وزیراعظم کو برا بھلا بولیں، ان کو اب ایسا نہیں کرنے دیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے رہنماء کا بیان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے رہنماء طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے حالات خراب کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں تصادم ہو اور لاشیں گریں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کی ملک کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، چند عناصر اداروں کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، ان کی مجال یہ جب چاہے چیف جسٹس و سپہ سالار کو گالی دیں، وزیراعظم کو برا بھلا بولیں، جب چاہیں پاکستان کے پاسپورٹ جلائیں، آئی ایم ایف معاہدہ نہ ہونے کی کوشش کریں ان کو اب ایسا نہیں کرنے دیا جائے گا، گالم گلوچ کی سیاست اب نہیں چلے گی، ایسی کی تیسی ان کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔
رہنماء ن لیگ نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے اور ان کے مقاصد کو کامیاب کروانے کیلئے اسرائیی اخباروں میں عمران خان کے حق میں کیمپین چلائی جارہی ہے، اقوام متحدہ میں وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر کی قیادت اور اسرائیلی وزیراعظم کے سامنے اسرائیل کا نام لیکر جیسے مذمت کی، کشمیر کی آزادی پر بات کی بھارت کو جس لہجے میں پکارا وہ بطور پاکستانی ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لاہور کا جلسہ لاہور میں مسترد اور راولپنڈی کا جلسہ راولپنڈی کے لوگوں نے مسترد کر دیا، کیوں کہ عوام مریم نواز پر اعتماد کرتے ہیں اور وہ اپنی وزیرِاعلیٰ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، اس لیے عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا اور ابھی تو آغاز ہے۔ اسی طرح وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جیل میں بیٹھا فسادی اور بہروپیا جو چاہتا ہے وہ نہیں ہوگا، دہشت گردوں کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک ہوگا، فتنہ گروپ کو راولپنڈی میں فساد کی اجازت نہیں دی جائے گی، صوابی میں گنڈاپورکی کرین، فائربریگیڈ اور ایمبولینس تیارہے، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور راولپنڈی پر یلغار کرنے آرہے ہیں، انسانی حقوق کے نام پر احتجاج کرنے کی اجازت دینے والی ہائیکورٹ کو سوچنا چاہیئے کہ ایک وزیراعلیٰ AK47 کے ساتھ حملے کرتا ہے، یہ لوگ توڑ پھوڑ اور آگ لگاتے ہیں، علی امین گنڈا پور وزیر اعلیٰ پنجاب سے عقل لے لو، صرف گن لہرا لہرا کر کچھ نہیں ہوتا کوئی ایک منصوبہ ہی دکھا دو جو تم نے کیا ہو۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کسی نے آج قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، آج کسی نے امن امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی، کسی نے سڑک بند کی، کسی نے رکاوٹیں لگائیں تو ان کے خلاف ایکشن کے لیے رینجرز تعینات کردی گئی ہے، فتنہ گروپ احتجاج کی آڑ میں فساد پھیلانا چاہتا ہے، جس کے لیے گنڈاپور صوابی سے لشکر لے کر آرہا ہے، ان کو مشورہ ہے کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، راولپنڈی میں کسی نے قانون توڑا تو سخت ایکشن ہوگا۔