ان دونوں کیسز میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری بھی نہیں بنتی، بشریٰ بی بی کو جان بوجھ کر تاخیری حربے اپنا کر جیل میں رکھا گیا ہے، ملک میں آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ رہنماء پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کو سزا دینے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے، ان دونوں کیسز میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری بھی نہیں بنتی، بشریٰ بی بی کو جان بوجھ کر تاخیری حربے اپنا کر جیل میں رکھا گیا ہے، ملک میں آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی پر صرف ایک کیس ہے، بشریٰ بی بی کو جان بوجھ کر تاخیری حربے اپنا کر جیل میں رکھا گیا ہے، بشریٰ بی بی ایک غیرسیاسی خاتون ہیں، بشریٰ بی بی کو جیل میں رکھ کر بانی پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ان کو خود بھی معلوم ہے اگر سزا سنائی تو دوسری عدالت سے سزا فوری ختم ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں ان آئینی ترامیم کو میں شیطانی ترامیم کہتا ہوں، لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے تاکہ لوگ غیر آئینی ترامیم کیلئے ووٹ دیں، ایک خاص حکمران ٹولے کے مفادات کیلئے سارا کھیل رچایا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان میں ایک خاص مقصد کے لئے ان لوگوں کو بٹھایا گیا ہے، پی ٹی آئی آخری سانس تک ترامیم کی مخالفت کرے گی، ملک میں آئینی ترمیم صرف ایک فرد واحد کیلئے لائی جارہی ہیں، آئینی ترامیم بانی پی ٹی آئی کو مزید نقصان پہنچانے کیلئے لائی جارہی ہیں۔
ہمارے ایم این ایز کے نمبرز پورے ہیں، ہمارے ایم این ایز کہیں نہیں جاسکتے، ہم آئین کے تحفظ کے لئے ملک میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پارٹی بن چکا ہے، ملک میں بحران کی وجہ صرف الیکشن کمیشن ہے، ملک لوٹنے والوں کو جو بھی پناہ دے گا وہ ملک کا دشمن ہے، جلسہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے لیکن یہ ہمیں جلسے کیلئے جگہ ٹھیک نہیں دیتے۔ کونسا جلسہ دو بجے ہوتا ہے یہ ہمیں جلسے کیلئے دو بجے کا وقت دیتے ہیں۔ احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے اس کو ہم سے کوئی نہیں چھین سکتا کل لیاقت باغ میں ہم بھر پور احتجاج کرینگے۔