وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دور رس نتائج سامنے آئینگے: عطا تارڑ

نیویارک: ( نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کے ڈیفالٹ کی باتیں ہورہی تھیں، آج شرح سود میں کمی ہونے سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد معیشت ٹھیک ہونا شروع ہوئی، اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھی ریکارڈ ترسیلات زر ہوئیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان کی خارجہ پالیسی بھی بہتر ہورہی ہے، ڈالر کی سمگلنگ روکنے سے روپیہ مستحکم ہوا، مہنگائی کا سنگل ڈیجٹ پرآنا خوش آئند ہے، بلوم برگ نے پاکستانی معیشت میں بہتری کی تعریف کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔