ظفر وال:( نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے فوج اور اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی سے عمران کس کا ایجنڈا پورا کر رہے ہیں۔ ظفر وال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اسرائیلی لابی کا ایجنٹ ہے، بانی پی ٹی آئی کی سیاست کا ایک ناطہ ہے کہ پاکستان کی معشیت کو تباہ کیا جائے، آئی ایم ایف کو میلز لکھی جاتیں ہیں کی پاکستان سے معاہدے نہ کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اب کوئی پاکستانی بھول نہیں سکتا کہ بانی پی ٹی آئی پروجیکٹ کا ماسٹر مائنڈ کون ہے، صیہونی لابی بانی پی ٹی آئی کو پاکستان پر دوبارہ مسلط کرنےکی کوشش میں ہے، بانی پی ٹی آئی نے لوگوں کو اسلامی ٹچ دے کر اپنا تشخص بنایا جس کا مقصد پاکستان اسرائیل تعلقات بنانا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میں اہل پنجاب اہل پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے جلسے میں شرکت نہیں کی ،آپ آئین شکن ہیں، کس آئین کی پاسداری کی بات کرتے ہیں ، سات سات مہینے آپ نے فیصلوں کو نہیں مانا،ہماری پیشیاں تین تین ماہ اور آج ہر دوسرے دن لگتیں ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عدلیہ میں موجود سیاسی ایجنڈے والوں کو بھی ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے ، کشمیر اور فلسطین ہمارے دو ایسے موقف ہیں، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، پاکستان کی فوجی اور سیاسی قیادت ملک کے مستقبل سے کھیلنے نہیں دے گی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا اسرائیل کے اخبار میں یہ تیسرا مضمون ہے جو بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں شائع ہوا ہے، گولڈ سمتھ سے بانی پی ٹی آئی کا رشتہ بہت مضبوط ہے، بانی پی ٹی آئی نے پاکستانیوں سے تعلق توڑ کر گولڈ سمتھ خاندان سے تعلق جوڑا، بانی پی ٹی آئی نے مہم چلائی صادق خان کو میئر لندن کیلئے ووٹ نہ دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا سے زہر لوگوں کے ذہن میں اتارا جا رہا ہے، شہریوں کا اعتماد ختم ہو جائے تو ریاست اندرونی طور پر کھوکھلی ہو جاتی ہے، ایک طرف بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں مجھے امریکا نے سازش کرکے نکالا، دوسری طرف امریکا میں کانگریس کی حمایت میں قراردادپاس کراتے ہیں۔