آزاد عدلیہ پر کسی صورت کوئی بھی قدغن قبول نہیں کریں گے

ادارے کو ادارے سے اور عوام کو عوام سے لڑانا نہیں چاہتے، عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا عوامی جلسے سے خطاب

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ پر کسی صورت کوئی بھی قدغن قبول نہیں کریں گے، اداروں کو آپس میں لڑانا نہیں چاہتے۔ انہوں نے لاہور کاہنہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جلسے کیلئے این اوسی نہیں دیا جاتا اس سے پہلے امریکا کا ویزہ مل جاتا ہے جس طرح ہمیں این اوسی دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ پر کسی صورت قدغن قبول نہیں کریں گے، اداروں کو آپس میں لڑانا نہیں چاہتے اور نہ ہی عوام کو عوام سے لڑانا چاہتے ہیں، عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ فارم 47 کی حکومت ہم پر مسلط کی گئی، فارم 47 کی حکومت نے ملک پر قبضہ کیا ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی عوام کو آزادی دلوائیں گے وہ ڈٹے ہوئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے عدلیہ پر شب خون مارنے کی کوشش کی گئی۔ جب 24ویں ترمیم منظور نہیں کرواسکے تو آرڈیننس جاری کردیا گیا۔ نوازشریف تو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو، کیا ووٹ کو ایسے عزت دیتے ہیں؟ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آئینی ترمیم کے ذریعے ایک آئینی عدالت قائم کی جارہی ہے، اب ثابت قدمی کا وقت آگیا ہے ہمیں ایک فریبی دشمن کا سامنا ہے، ہم نے سڑکوں پر نکلنا ہے اور جبر کو قبول نہیں کرنا۔
اسی طرح پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر حماد اظہر نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فسطائیت، کنٹینرز، گرفتاریوں اور فارم 47 کے حکمرانوں کو عوام نے پاش پاش کردیا۔ انہوں نے کہا کہ فسطائیت، کنٹینرز، گرفتاریوں اور 47 کے حکمرانوں کو عوام نے آج پاش پاش کردیا، سنا ہے ن لیگ کی حکومت جا رہی ہے اور سندھ سے ایک نئی کٹھ پتلی تیار کی ہے کو کہتا ہے پانی آتا ہے تو پانی جاتا ہے لیکن اب پانی آئے گا نہ جائے گا بلکہ عوام آئے گی، وقت کے حکمرانوں اور پردے میں رہنے والی قوتوں کو کہتا ہوں، اللہ کے بعد حاکمیت خلق خدا کے پاس ہے، میری بات کان کھول کر سن لو اب عوام آئے گئی اور عمران خان آئے گا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ شکر کرو کہ عمران خان امن پسند آدمی ہے، ورنہ جتنی عوام اس کے پیچھے کھڑی ہے وہ ایک اشارہ کرے تو عوام تمہارے تخت و تاج اڑا لے جائے کیوں کہ 2 سال سے ہمارا ملک یرغمال ہے، نہ یہاں جمہوریت ہے، نہ انسانیت، نہ آئین اور قانون ہے، پردے میں رہنے والی قوتوں کو بتانا چاہتا ہوں جو نہ جوابدہ ہیں، نہ منتخب ہیں کہ اللہ کے بعد اِس ملک کی حاکمیت خلق خدا کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم لاہور کی تمام 14 سیٹوں سے جیتے ہیں یہ جو جعلی وزیر اعلیٰ ہے یہ 850 ووٹوں سے ہاری ہوئی ہے، نوازشریف کو 20 ہزار اور شہباز شریف کو ساڑھے 7 ہزار ووٹوں سے شکست ہوئی لیکن یہ لوگ اسمبلی میں چوڑے ہو کر بیٹھے ہوتے ہیں، تمہارے باپ کا ملک ہے؟ نہیں بلکہ یہ اس عوام کاملک ہے، میں موجودہ حکومت اور پردہ کے پیچھے رہنے والی قوتوں کو بتانا چاہتا ہوں یہ یہ ملک تمہارا نہیں یہ ملک ہمارا ہے یہ ملک اس عوام کا ہے یہ ملک کاہنہ کا ہے یہ ملک لاہور کا ہے۔