تشدد کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کے امن واستحکام کے دشمن ہیں

پاکستان کو فتنہ فساد نہیں بلکہ امن کی ضرورت ہے، خدا کرے پاکستان میں ہر سو، ہر دم امن اورخوشحالی ہو،امن سے ہی خوشحالی کے پھول کھلتے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف

لاہور( نیوز ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو فتنہ فساد نہیں بلکہ امن کی ضرورت ہے۔ عالمی یوم امن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ امن بہت بڑی نعمت ہے، بدامنی زوال لاتی ہے۔ پاکستان کی تعمیر وترقی کے لئے پائیدار امن ناگزیر ہے۔ امن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ قیام امن کیلئے سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج، پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امن سے ہی خوشحالی کے پھول کھلتے ہیں خوشیاں ہر سو پھیلتی ہیں۔ قیام امن کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کے امن و استحکام کے دشمن ہیں۔
اختلاف رائے کی آڑ میں امن کو سبوتاژ کرنا قابل مذمت ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ خدا کرے پاکستان میں ہر سو، ہر دم امن اورخوشحالی ہو۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھرمیں امن ہم سب کا خواب ہے۔ امن کے علمبردار قابل تحسین ہیں جوعالمی تنازعات کے پائیدارحل کے لئے انتھک کاوشیں کررہے ہیں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی ٹی آئی کے لاہور جلسے کے حوالے سے انتظامیہ کورکاوٹیں کھڑی نہ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں،سیاسی جماعت کو سیاسی جماعت کی طرح رویہ اپنانا پڑے گا، اگر قانون کو ہاتھ میں لیا گیا تو پھر قانون اپنا راستہ لے گا، لاہور کے تمام داخلی راستوں کو جلوس کے شرکاءکیلئے کھول کر رکھا جائے، جلسے کے انتظامات میں کسی بھی قسم کی رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ جلسہ گاہ کی طرف جانے والے تمام راستے ، سڑکیں اور رنگ روڈ کسی بھی صورت بند نہ کئے جائیں۔ دریں اثناں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جڑانوالہ ستیانہ روڈ پر 2 لڑکیوں کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور تعزیت کیا۔