شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسزکا آپریشن،12 دہشتگرد ہلاک،پاک فوج کے 6جوان شہید

سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں کے 2 واقعات ہوئے،اسپن وام میں پاک افغان سرحدپار کرنے کی کوشش کرنے والے 7دہشتگردوں کو ہلاک کیاگیا جبکہ لدھا میں سیکورٹی فورسز پر حملہ کرنے والے 5خارجی دہشتگردوں کو بھی ہلاک کر دیاگیا،آئی ایس پی آر

راولپنڈی( نیوز ڈیسک ) شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 12 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوان بھی شہید ہوگئے،آئی ایس پی آرکے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں کے 2 واقعات ہوئے، 19 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر 7دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔
شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں پاکستان افغانستان سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کو گھیر لیا گیا۔سیکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 7 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری جھڑپ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں پیش آئی جس میں خوارج کے ایک گروہ نے سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا جو کہ ناکام بنا دیا گیا۔

لدھا میں سیکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بناتے ہوئے 5 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ چیک پوسٹ پر حملے کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے 6 بہادر بیٹے بھی شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخواہ کے ضلع مہمند میں کامیاب کارروائی کے دوران 4 خارجی خود کش بمبار دہشت گردوں کو ہلاک کرکے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز مہمند پر حملے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں بتایاگیا تھا کہ 4 خارجیوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز مہمند پرحملے کی کوشش کی تھی چاروں خودکش بمبار مطلوبہ نقصان پہنچانے سے پہلے ہی مارے گئے تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں خارجیوں کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیاتھا۔ فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور دہشتگردی کے ناسو ر کو جڑ سے ختم کریں گے۔