پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس آج کابینہ میں پیش کیے جانے کا امکان

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس 2024 آج کابینہ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ وزارت قانون نے آرڈیننس تیار کر کے کابینہ کو بھجوا دیا، آرڈیننس کے ذریعے چیف جسٹس کے مقدمات کو مقرر کرنے کا اختیار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کسی کمیٹی رکن کی عدم دستیابی پر چیف جسٹس کسی جج کو کمیٹی کا رکن نامزد کر سکیں گے، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت تین رکنی کمیٹی بنچز تشکیل دے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترمیمی آرڈیننس 2024 کے نفاذ سے عدلیہ میں جو بھی کارروائی ہوگی اس کا ٹرانسکرپٹ تیار ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ ترمیمی آرڈیننس کے نفاذ سےعدالتی کارروائی لکھی جائےگی اور عدالتی کارروائی عوام کیلئے دستیاب ہو گی۔

سپریم کورٹ نے 11 اکتوبر 2023 کے فیصلے میں مذکورہ قانون کی دفعہ 5 کی ذیلی دفعہ 2 کو خلاف آئین قرار دیا تھا، آئین کے آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت جاری حکم کے خلاف اپیل کا حق بھی آرڈیننس میں شامل کیا گیا ہے۔