اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) مخصوص نشستوں کے معاملے پر طلب کیا گیا الیکشن کمیشن کا تیسرا اجلاس بھی بے نتیجہ ختم ہو گیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ممبران کمیشن، سیکرٹری اور قانونی ٹیم شریک ہوئی، قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ کی وضاحت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم کی بریفنگ کے بعد کمیشن نے مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، الیکشن کمیشن میں مشاورتی اجلاس کل پھر ہوگا۔
واضح رہے کہ 14 ستمبر کو مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے اکثریتی بنچ نے وضاحتی حکم جاری کیا جس میں کہا گیا کہ فیصلے کی روشنی میں پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار ہیں جبکہ الیکشن کمیشن فیصلے پر فوری عملدرآمد کرے۔