نبی پاک ﷺ نے سب سے پہلے انسانی حقوق کی بنیاد رکھی: مریم نواز

لاہور: ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نبی پاک ﷺ نے سب سے پہلے انسانی حقوق کی بنیاد رکھی۔ لاہور میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ خاتمُ النّبیّین، رحمۃ اللعالمین ہیں، نبی ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے اپنا محبوب کہا ہے، ان سے محبت کی ہے، آج ہم ربیع الاول کے مبارک مہینے میں یہاں جمع ہیں۔

انہوں نے کہا عشق رسولﷺ ہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے، عشق رسولﷺ کسی کم ظرف کے لیے نہیں ہے، والدین اپنے بچوں کو حیات طیبہﷺ سے متعلق آگاہی دیں، جو چیزیں انسان گھر سے سیکھتا ہے وہ اس دنیا اور دوسری دنیا میں بھی کام آتی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی اکرم ﷺکا ذکر آج بھی بلند ہے اور ہمیشہ بلند رہے گا، یہ ایک مبارک محفل ہے، اس کے بارے میں بات کرنے کی سعادت سب کو نصیب نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں انسانی حقوق کی بات ہوتی ہے مگر اس بات کی خوشی ہے کہ انسانی حقوق کی بنیاد نبی اکرم ﷺ نے مسجد نبوی میں رکھی، وہ تعلیم آج پوری دنیا میں پھیل گئی۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ بچیوں کی تعلیم پر بہت فتوے آرہے ہیں تو ہمارے نبی اکرمﷺ نے فرمایا کہ تعلیم حاصل کرو چاہے تمہیں چین کیوں نہ جانا پڑے، اس میں لڑکا لڑکی کی تفریق نہیں ہے، ہمیں ان چیزوں پر عمل کرنا چاہیے۔